• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف آئین کی پاسداری کی بات کر رہے ہیں، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے نوازشریف کا ایک بھی مطالبہ آئین سے متصادم ہے تو نا نواز شریف کا ساتھ دینا اور نا مریم نواز کا ساتھ دینا، نواز شریف آئین کی پاسداری اور حلف کی پاسداری کی بات کر رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ آئین آپ کے حقوق کی کتاب ہے، آئین میں لکھا ہے کہ پاکستان میں کیا ہوگا،  کیا نہیں ہوگا، کتاب میں لکھا ہے کہ کس کا کیا حق ہے، کس کا کیا حق نہیں ہے، آئین میں لکھا ہے کہ کس کا کیا کام ہے، کس کا کیا کام نہیں ہے، آئین کی کتاب پڑھو اور دیکھو نواز شریف کے مطالبات کیا ہیں۔

لاہور میں مریم نواز نے شیر جوان فورس پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وردی پر الزام نہیں لگانا، یہ وردی سیاچن میں ہماری حفاظت کرتے ہوئے شہید کی وردی ہوتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو سمجھ آرہی ہے کہ ہمیں سب سمجھ آرہی ہے، ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو آپ کو لیپ ٹاپ نہیں ملتے، وظائف بند ہو جاتے ہیں، آپ کے گھروں میں مہنگائی ڈیرے ڈال لیتی ہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ آپ کا جذبہ دیکھ کر میں اپنی تقریر بھول گئی ہوں، رانا ثناء اللّٰہ کو دیکھ کر ہم بہادری دیکھتے ہیں، پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ شیر جوان باضابطہ لانچ نہیں ہوا، آج ہو رہا ہے، اس تحریک کو ہر صوبہ میں جا کر متعارف کرواؤں گی، کے پی کے طلباء سے وعدہ کیا ہے کہ خود جا کر یہ موومنٹ لاؤنچ کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے قدم بڑھا دیا ہے اب آپ نے قدم بڑھانا ہے، پاکستان جس مقصد کے لیے بنا تھا اس پر آج بھی عمل نہیں ہوا۔


مریم نواز نے کہا کہ شیر جوان نوجوانوں کو سیاسی شعور دینے کی تحریک ہے، پاکستان کے نوجوانوں کو مقصد یاد دلانے کی تحریک ہے اور یہ آپ سب کو آئین سمجھانے کی تحریک ہے، نوجوانوں کو جمہوری نظام پر اعتماد دینے کی تحریک ہے اور مستقبل کی قیادت تیار کرنے کی تحریک ہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ غلامی سب سے بڑی سزا ہے، غلامی وہ پردہ ہے جس سے سچائی اور حق کا راستہ دکھائی نہیں دیتا، آپ کو حق بھیک کی طرح نہ دیا جائے، بلکہ وہ حق دیا جائے جو طاقتور کو دینا چاہیے۔

مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان کے 600 بچوں سے اسکالر شپ چھین لی گئی، بچے پیدل لانگ مارچ کرتے رہے، حکومت کو توفیق نہیں ہوئی کہ بچوں کا مسئلہ معلوم کریں۔

تازہ ترین