مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پشاور میں ہونے والے دل دہلا دینے والے واقعے نے انتہائی رنجیدہ کردیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ پشاور مدرسہ دھماکا دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، بالخصوص بچوں کو ہونے والے نقصان نے انتہائی رنجیدہ کردیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جن ماؤں کی گودیں اجڑ گئیں، انکے دُکھ کا تصور اور ازالہ ممکن نہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ لواحقین کو صبر عطا فرمائے اور اس سانحے میں زخمی ہونے والوں کوصحتیابی عطا فرمائے۔ آمین‘
خیال رہے کہ کوہاٹ روڈ پر واقع مدرسے میں دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد شہید اور 70 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت مدرسے میں تدریسی سلسل جاری تھا، دھماکے کے نتیجے میں شہید و زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے، پولیس، سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں دھماکے کے مقام پر پہنچ چکی ہیں جو امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق زخمی ہونے والے متعدد بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کوہاٹ روڈ پر واقع مدرسے میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی اطلاعات تھیں، بچے اور مدرسے سافٹ ٹارگٹ تھے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گردی تھریٹ الرٹ تھا، تھریٹ الرٹ کے بعد سیکورٹی مزید سخت کردی گئی تھی، دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کی ہے۔