اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) میہڑ کی امِ رباب چانڈیو نے اپنے والد، دادا اور چچا کے قتل پر گڑھی خدا بخش میں احتجاج کیا۔ امِ رباب کی آمد پر بینظیر بھٹو مزارکمپلیکس بند کردیا گیا جہاں گیٹ پر ہی اُم رباب نے کچھ دیر تک احتجاجی دھرنا دیا اور پھر واپس روانہ ہو گئیں۔مزار کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ام رباب کا کہنا تھا کہ ملزمان کا تعلق پیپلزپارٹی سے ہے، نثارکھوڑو کس منہ سے ظالم سرداروں کی طرف داری کررہے ہیں؟ عدالت کے حکم پر چھاپے مارے گئے تو چادر اور چاردیواری کا تقدس یاد آگیا۔ شہید بینظیربھٹو کے مزار کے سامنے اپنی داستان سناناچاہتی ہوں، کیا میرا خاندان شہداء کا خاندان نہیں؟ انصاف ملنے تک میں چین سے نہیں بیٹھوں گی۔ادھر ایس ایس پی لاڑکانہ کا کہناہے کہ ام رباب چانڈیو سیاسی شو کرنا چاہتی تھیں، مزارپرپی پی سے وابستہ افراد کے خلاف بات کرنے سے امن وامان کی صورتحال پیش آسکتی تھی۔ علاوہ ازیں ام رباب چانڈیو کے والد سمیت تہرے قتل کیس میں نامزد مفرور ملزمان غلام مرتضیٰ چانڈیو اور ذوالفقار چانڈیو کے بلوچستان فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔ایڈیشنل آئی جی سکھر ریجن کامران فضل نے معلومات اورگرفتاری کیلئے بلوچستان حکومت سے رابطے کا ٹاسک ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود بنگش کو سونپ دیا ہے۔