قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے میں اصلاحات اور احتساب کا عمل جاری ہے، پی آئی اے نے اکتوبر میں 38 ملازمین کے خلاف ایکشن لیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے جعلی اسناد پر 5 ملازمین کو ملازمت سے فارغ کردیا، جبکہ پی آئی اے نے بغیر اطلاع کے غیر حاضر 6 ملازمین کو فارغ کیا اور سرکاری معلومات غیرقانونی طور پرافشا کرنے پر ایک ملازم کو برطرف کیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے بدعنوانی اور غبن میں ملوث 5 ملازمین کو برخاست کیا اور اسمگلنگ میں ملوث ایک ملازم کو برطرف کردیا گیا ہے۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سرکاری دستاویزات کی چوری اور نقصان پر 5 ملازمین کو برخاست کیا، جبکہ احکامات کے مطابق کام نہ کرنے پر 3 ملازمین کی تنزلی کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کر نے والے 5 ملازمین کی تنخواہ میں کمی کردی گئی اور سات ملازمین کو تادیبی خطوط جاری کئے گئے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ دس ملازمین ضابطے کی کارروائی کے بعد بے قصور پائے گئے، اچھی کارکردگی پر 11 ملازمین کو تعریفی اسناد جاری کی گئیں۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کارروائیاں قانون اور ضابطے کے قواعد پورے کرکے کی گئی ہیں، جبکہ بغیر کسی دباؤ کے سزا جزا کا عمل جاری ہے اور جاری رہے گا۔