ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے نامور اداکار اظفر رحمٰن کا کہنا ہے کہ شام کی چائے پر اُنہیں اپنی امی بہت یاد آتی ہیں۔
معروف تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اظفر رحمٰن نے اپنی ایک فوٹو شیئر کی ہے جس میں وہ چائے کا کپ تھامے بیٹھے ہوئے ہیں، تصویر میں انہوں نے جینز اور ٹی شرٹ کے ساتھ جیکٹ بھی پہن رکھی ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے یہ تصویر جہاں لی ہے وہاں سردیاں آگئی ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر کے ساتھ کیپشن میں اداکار نے لکھا کہ ’بس شام کی چائے پر امی بہت یاد آتی ہیں... ہم میں سے بہت سے لوگوں کے لیے گھر سے دور کام کرنا کافی مشکل ہے۔‘
اداکار نے لکھا کہ ’واقعی میں کبھی کبھی اپنی امی کے ساتھ رہنا بہت یاد کرتا ہوں۔‘ انہوں نے اپنے والدین کے لیے دعا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’یا اللّٰہ میرے اور آپ سب کے والدین کو صحت اور زندگی دے، آمین۔‘ اس کے آگے انہوں نے ایک دل اور ایک چائے کے کپ کا ایموجی بھی بنایا ہے۔
اظفر رحمان نے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’# missinghome #worklife۔۔۔‘
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل اظفر رحمان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرکراچی کے ساحل پر ڈوبتے سورج کی ایک تصویر شیئرکی تھی، جس کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’کراچی میری پہلی محبت ہے۔‘
اظفر رحمٰن پاکستان ٹی وی انڈسٹری کا ایک جانا پہچانا نام ہیں، اظفر اپنی وجاہت اورخوبصورتی کے علاوہ بہترین اداکارانہ صلاحیتوں کی بناء پر بھی جانے جاتے ہیں۔
اظفر رحمٰن نے اپنے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیاتھا ، جس کے بعدانہوں نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور کئی ڈرامہ سیریلز میں اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔
انہوں نے مہوش حیات کے مقابل فلم ’چھلاوہ‘ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔