وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ویانا میں دہشت گردی اور شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات انتہائی افسوسناک ہیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ویانامیں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔
وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کی جانب سے آسٹریا کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی جانب سے بھی ویانا حملےکی مذمت کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ویانا میں حملے قابلِ مذمت ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں گزشتہ روز فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں حکام نے ایک حملہ آور سمیت 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔
ویانا پولیس کا کہنا تھا کہ ویانا میں 6 مختلف مقامات پر فائرنگ ہوئی ہے۔حملہ آور رائفلوں سے مسلح تھے۔ حملہ مقامی وقت کے مطابق 8 بجے کے قریب کیا گیا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں نے ایک جیسے سفید رنگ کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہن رکھے تھے، بیگ لٹکائے ہوئے تھے اور منہ پر ماسک لگائے رکھے تھے۔
اس حوالے سے ویانا میں یہودی کمیونٹی تنظیم کا کہنا تھا کہ علاقےمیں کئی معبد ہیں جو کہ حملے کا ہدف نہیں تھے۔ حملے کا یہودی عبادت گاہوں سےبھی کوئی تعلق نہیں تھا۔ معبد اور آفس بلڈنگ ایک ہی ایڈریس پر ہیں جو کہ حملے کے وقت بند تھے۔