کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں آٹے کے بڑھتے نرخ کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شبلی فراز اپنی حکومت کی نااہلی چھپانے کیلئے سندھ حکومت کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، تحریک انصاف حکومت کی اپنی تو کوئی کارکردگی نہیں اس لئے وہ سندھ حکومت کو ہی ہدف بناتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ سندھ حکومت ہی تھی جس نے کورونا کی روک تھام کیلئے ملک میں ایک نیا ٹرینڈ ترتیب دیا اوروزیراعلیٰ سندھ کے بروقت اقدامات کو پورے ملک نے فالو کیا۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ آج اگر کورونا کی صورتحال سندھ میں دیگر ممالک کے حساب سے کم ہے تو یہ حکومت سندھ کے بروقت فیصلوں کا ہی نتیجہ ہے، کورونا کی صورتحال پر وفاقی حکومت بے راہ روی کا شکار رہی ہےاسی لئے انکے پاس کوئی ٹھوس پالیسی نہیں تھی۔ ملک میں آٹے کے بڑھتے نرخ پر وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آٹے کی قیمت صرف سندھ میں زیادہ ہوتی تو حکومت سندھ اسکی ذمہ دار تھی لیکن آٹے کی قیمتیں پورے ملک میں زیادہ ہونے کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں سے غریب عوام کی روٹی بھی چھین لی گئی ہے، آج بھی نان کی قیمت صوبہ سندھ میں دیگر صوبوں سے کم ہے۔