• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب عوام کی سہولت مدنظر رکھتے ہوئے خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں، حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیرِصدارت اجلاس ہوا جس میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی، قیمتوں پر کنٹرول سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس دوران چیف سیکریٹری پنجاب نے گندم اور چینی کی صوبے میں دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے افسران مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلور ملز مالکان سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے، یومیہ 25 ہزار ٹن گندم کی پسائی اور مارکیٹ میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے کی یومیہ 11 ہزار ٹن گندم کی کھپت ہے،11 لاکھ ٹن اسٹاک موجود ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فلور ملز نے 20 کلو تھیلے پر 10 سے 50 روپے کمی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

بریفنگ کے دوران انھوں نے بتایا کہ منافع خوری، ذخیرہ اندوزی پر 2400 ایف آئی آر درج کی جاچکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت 5000 ٹن یومیہ گندم کی ریلیز یقینی بنائے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کا تعین صوبائی اختیار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ غریب عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں، حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت تمام معاشی اعشاریے مثبت سمت میں ہیں۔

انھوں نے متعلقہ حکام کو آٹے اور چینی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ درآمدشدہ چینی کی ملک میں ترسیل کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

تازہ ترین