• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس ہائیکورٹ کا عدالتوں کا دورہ، مقدمات نمٹانے کی ہدایت

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم خان نے گزشتہ روز راولپنڈی کی ضلعی عدالتوں کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ سینئر جج جسٹس محمد امیر بھٹی اور رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ مشتاق اوجلہ بھی تھے۔ چیف جسٹس نے ایکس کیڈرز کے ججز جن میں انسداد دہشت گردی کی دونوں خصوصی عدالتوں، اے این ایف کورٹ، کسٹم کورٹ، انٹی کرپشن کورٹ، کنزیومر کورٹ اور ایف آئی کورٹ کے جج شامل تھے سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی معلوم کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ زیرسماعت مقدمات کی سماعت تیز کی جائے اور حتی الوسع کوشش کی جائے کہ عدالتوں میں آنے والے گواہ اپنی شہادتیں قلمبند کروائے بغیر واپس نہ جائیں۔ قبل ازیں ضلع کچہری آمد پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری محمد طارق جاوید نے چیف جسٹس کا استقبال کیا اور بعدازاں انہیں مختلف عدالتوں میں زیرسماعت دیوانی اور فوجداری مقدمات کی تفصیلات اور ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کیا، جس پر چیف جسٹس نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بالخصوص کورونا کے دوران کئے گئے حفاظتی انتظامات، مقدمات کی سماعت اور کارکردگی کو سراہا، انہوں نے سیشن جج سمیت دیگر جوڈیشل افسران کی کارکردگی پر ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسی جذبے کے تحت کام کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات کی سماعت تیز اور بالخصوص پرانے کیسز کو جلد از جلد نمٹانے کیلئے اپنے وسائل بروئے کار لائیں، چیف جسٹس سے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے صدر سید غلام مصطفٰی کمال اور جنرل سیکرٹری یاسر محمود چٹھہ نے بھی ملاقات کی اور نوجوان وکلاء کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صدر بار کے مطابق چیف جسٹس نے ترقیاتی کاموں سمیت وکلاء کو درپیش دیگر مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔
تازہ ترین