• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیر ترین کی واپسی اور سینیٹ الیکشن، حکومتی حلقوں میں تشویش

اسلام آباد( تجزیہ فاروق اقدس) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ابتدائی ارکان میں سرفہرست شمار ہونے والے جہانگیر ترین جو تقریباً سات ماہ قبل شوگر انکوائری کمیشن کی فارنزک رپورٹ میں فائدہ اٹھانے والوں میں نام آنے کے بعد بغرض علاج برطانیہ چلے گئے تھے۔

ان کی وطن واپسی کی خبروں کے حوالے سے حکومتی حلقوں میں تشویش کے ساتھ چہ میگوئیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔

ان کی وطن واپسی کی خبریں ایک ایسے وقت میں آئی ہیں جب مارچ میں ہونے والے سینیٹ کے انتخاب کے تناظر میں اپوزیشن بالخصوص پنجاب کے صوبائی ارکان کی وابستگیاں تبدیل ہونے کی خبریں آرہی ہیں اور اس ضمن میں اپوزیشن حکومتی اقدامات پر الزامات لگاتے ہوئے مسلسل اپنے احتجاج اور اور تشویش کا اظہار کررہی ہے۔

واضح رہے کہ 2018 کے انتخابات میں اپنی جماعت کیلئے غیر معمولی کردار ادا کرنے جن میں آزاد اور دیگر جماعتوں کے ارکان کی حمایت حاصل کرنے کے حوالے سے بھی جہانگیر ترین کے "ذاتی جہاز" کا ذکر مسلسل خبروں میں رہا۔

جہانگیر ترین کی وطن واپسی کی خبروں کے حوالے سے حکومتی حلقوں میں یہ موضوع زیر بحث ہے کہ جہانگیر ترین جواپنی جماعت کے قائد اور ذاتی دوست سے شاکی اور نالاں ہیں پنجاب کی سیاست میں ان کا کردار کس پلڑے میں ہوگا۔

تازہ ترین