• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائیکورٹ، نو مسلم آرزو کی عمر جانچنے کیلئے میڈیکل بورڈ بنانیکا حکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے نو مسلم آرزو کی طبی بنیاد پر عمر جانچنے کے لئے سیکرٹری صحت سندھ کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ طبی معائنہ مکمل ہونے تک نو مسلم لڑکی لیڈیز پولیس کی تحویل میں رہے گی جبکہ آرزو نے فاضل جج کے سامنے اپنے بیان میں کہا کہ اسے کسی نے اغوا نہیں کیا وہ اپنی مرضی سے مسلمان ہوئی اور بغیر دباؤ میں آئے پسند کی شادی کی، عدالت نے مزید سماعت 9 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔ جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں نو مسلم آرزو کو جسٹس کےکے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے روبرو پیش کیا دوران سماعت لڑکی کے والد کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ لڑکی کی عمر کا تعین ضروری ہے۔ لڑکی کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ میری گزارش ہے چیمبر میں بھی لڑکی کا بیان ریکارڈ کیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ہم باریک بینی سے جائزہ لیں گے اور مکمل جانچ کرائیں گے ۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے موقف اختیار کیا کہ لڑکی کا بیان ریکارڈ نہ کیا جائے کیونکہ وہ کم عمر ہے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اگر وہ 18سال کی ہے تو اس کا حق ہے جس کے ساتھ رہنا چاہے، اس نے خود کہا ہے اسے اغوا نہیں کیا گیا۔

تازہ ترین