وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ بلاول کے بیان نے پی ڈی ایم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر درعمل دیتے ہوئے لاہور سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ واضح ہوگیا کہ فرزند زرداری نے خود کو ن لیگ کے بیانیے سے الگ کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف کی تقریر میں براہِ راست نام سنا تو دھچکا لگا، فوجی قیادت کا نام لینا نوازشریف کا اپنا فیصلہ تھا، انتظار ہے کہ وہ اس سے متعلق ثبوت کب پیش کریں گے، عام طور پر ہم جلسوں میں اس طرح کی بات نہیں کرتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ایجنڈے کی تیاری کے وقت نون لیگ نے فوجی قیادت سے متعلق کوئی ذکر نہیں کیا تھا، پی ڈی ایم کے ایجنڈے میں طے پایا تھا کہ کسی ایک ادارے پر کوئی الزام عائد نہیں کیا جائے گا صرف اسٹیبلشمنٹ کا نام لیا جائے گا۔