• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور، کسانوں کے دھرنے میں جاں بحق ہونے والے فنانس سیکرٹری کی نماز جنازہ ادا

لاہور میں پاکستان کسان اتحاد کے دھرنے میں جاں بحق ہونے والے ضلع وہاڑی کے فنانس سیکرٹری ملک اشفاق لنگڑیال کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں 150 ای بی بورےوالا میں ادا کرنے کے بعد ان کو سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

ضلع وہاڑی کے فنانس سیکرٹری ملک اشفاق لنگڑیال کی نماز جنازہ پیر تجمل حسین گیلانی نے پڑھائی، جس میں پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی چیئرمین چوہدری انور، مرکزی صدر ملک ذوالفقار اعوان،ضلعی صدر افتخار چوہدری سمیت دیگر راہنماؤں نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ کے بعد مرکزی چیئرمین چوہدری انور نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کہتی ہے کہ اشفاق لنگڑیال کی شہادت ہارٹ اٹیک سے ہوئی ہے کیا ایک آدمی بھوک، پیاس کی حالت میں دو دن ہارٹ اٹیک سے زندہ رہ سکتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ کسانوں پر برسائے جانے والے پانی میں زہریلا کیمیکل ملا کر چھڑکاؤ کیا گیا تھا جس سے اشفاق لنگڑیال کی شہادت ہوئی ہے۔

مرکزی صدر ملک ذوالفقار اعوان نے کہا کہ ملک اشفاق لنگڑیال کی شہادت نے تمام کسانوں کی تمام تنظیموں کو متحد کردیا ہے اب حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لیں گے، حکومت خود احتجاج اور دھرنے دیتی تھی تب سب کچھ ٹھیک تھا مگر اب کوئی احتجاج کرے تو غلط ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نہتے اور سوئے ہوئے کسانوں پر واٹر کینن کے ذریعے کیمیکل ملا پانی چھڑکانا ظلم کی انتہا ہے، اس حکومت کو کسی طرح بھی معاف نہیں کریں گے اس موقع پر کسانوں کی تمام تنظیموں نے مشترکا تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

ملک اشفاق لنگڑیال نے نہ صرف کسانوں بلکہ عام آدمی کے حقوق کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا کسانوں کی تمام تنظیمیں مشترکا جدوجہد کر کے اپنے حقوق حاصل کرکے رہیں گی۔ 

تازہ ترین