• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھرنے میں شریک کسان کی موت پر پنجاب حکومت کا موقف

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کسانوں کے دھرنے میں مبینہ طور پر زخمی ہونے والے کسان رہنما اشفاق کے اسپتال میں دم توڑنے کی خبر پر موقف دے دیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کسان رہنما اشفاق لنگڑیال کے انتقال کی وجوہات جاننے کے لیے میڈیکل بورڈ بنادیا گیا ہے۔

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق اشفاق لنگڑیال کو دل کی تکلیف کی وجہ سے اسپتال لایا گیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کی تفصیلی رپورٹ آنے تک قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ گندم اور گنے کی جائز قیمتوں کے لیے مظاہرہ کرنے والے کسانوں پر ہوئے پولیس ایکشن کے دوران زخمی ہونے والے کسان رہنما ملک اشفاق اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

ملک اشفاق کسانوں کے دھرنے کے دوران پولیس کی شیلنگ اور پانی کی بوچھار سے زخمی ہوئے تھے۔


کسان اتحاد کے صدر چودھری انور نے کہا کہ مرحوم ملک اشفاق، وہاڑی کے کسان اتحاد کے فنانس سیکرٹری تھے۔

صدر کسان اتحاد نے سی سی پی او کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعےکی رپورٹ طلب کرلی۔

تازہ ترین