• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبدالقادر بلوچ نے 2 گھنٹے پارٹی کو تحفظات سے آگاہ کیا، بیانیے پر بات نہیں کی، طلال چوہدری

اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ عبدالقادر بلوچ نے 2 گھنٹے تک پارٹی کو تحفظات سے آگاہ کیا لیکن بیانیے سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ حلفاً کہتا ہوں پارٹی میٹنگ میں عبدالقادر بلوچ نے تحفظات رکھے لیکن بیانیے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عبدالقادر بلوچ نے بات صرف سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللّٰہ زہری کو جلسے میں مدعو نہ کیے جانے پر کی، افسوس کی بات یہ ہے کہ انہوں نے پارٹی چھوڑتے وقت سچ نہیں بولا۔


ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ قادر بلوچ نے کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسے سے پہلے ایسی کوئی بات نہیں کی، ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا تھا کہ ثناء اللّٰہ زہری کو بلائیں اور اسٹیج پر جگہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنے بیانیے سے پیچھے ہٹیں گے تو ہمیں ووٹ نہیں ملیں گے، ن لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، ہم دوسری جماعتوں سے بہت اوپر ہیں۔

طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں دباؤ ڈال کر ہمارے لوگ توڑے گئے اور پھر کہا جاتا ہے کہ وہ بیانیے کا بوجھ نہیں اٹھاسکے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ گلگت بلتستان میں ن لیگ پر دباؤ پڑا ہے، وہاں جنوبی پنجاب کی طرح ہمارے لوگوں کو توڑا گیا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ لوٹوں کو پارٹی میں شامل کرنےکاکوئی طریقہ کار اور قانون سازی ہونی چاہیے، ہماری مقبولیت کی وجہ ہماری پرفارمنس اور نواز شریف کا بیانیہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر بلوچ کے سوا بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) اپنی جگہ پر کھڑی ہے۔

تازہ ترین