• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج کسی ایک جماعت کی نہیں پوری قوم کی ہے، احسن اقبال


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک فوج کسی ایک جماعت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے۔

احسن اقبال نے ان خیالات کا اظہار پارٹی سیکرٹریٹ لاہور میں سعد رفیق اور عائشہ غوث پاشا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کہی ہوئی باتیں ان کے تجربات اور مشاہدات کی روشنی میں ہیں، ان کی تقاریر میں فوج کے لیے خیرسگالی کے الفاظ ملیں گے۔


ن لیگی رہنما نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے حوالے سے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے انٹرویو کا پورا متن پڑھیں، انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے مقاصد سے مکمل طور پر متفق ہیں۔

انہوں نے استفسار کیا کہ کیا حکمران جماعت تحریک انصاف کے جلسے کورونا فری ہوتے ہیں؟ جہاں وزیراعظم جلسہ کریں تو وہاں وبائی مرض نہیں ہوتا؟

احسن اقبال نے مزید کہا کہ کل حافظ آباد میں مقامی طور پر چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے، وہاں عمران خان نے ایک جلسہ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ ناقص اقتصادی پالیسی اور مس مینجمنٹ ہے، وزیر اعظم عمران خان کو زمینی حقائق کا کوئی ادراک یا احساس نہیں ہے۔

ن لیگی سیکریٹری جنرل نے استفسار کیا کہ شوگر مافیا، آٹا مافیا، ادویات مافیا اور بی آر ٹی والے کون لوگ ہیں؟

تازہ ترین