چلاس(نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ابھی الیکشن ہوئے نہیں ، دھاندلی کے انبار لگ گئے ہیں، اپنے ووٹ کو چوری نہیں ہونے دینا ، الیکشن والے دن ووٹ پر پہرادینا ہے ،شیر کھڑے ہوں، گیدڑ بھاگ جائینگے ۔ جعلی حکومت کے دن گِنے جاچکے ہیں، گلگت بلتستان میں نئی روایت قائم کرتے ہوئے لوٹوں کو گھر چھوڑ کر آئیں، اچھے وقت ایک شخص وزیر بن کر فائدہ اٹھاتا رہا ،نواز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ جو رشتہ جوڑا تھا اس کو آخری دم تک نبھائیں گے۔ چلاس میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کاکہنا تھاکہ عمران خان کی جعلی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں، یہ حکومت جارہی ہے، آپ نے دھاندلی کا منصوبہ ناکام بنانا ہے اور شیر پر ٹھپہ لگانا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کہا کہ گلگت بلتستان کے ایک وزیر نے ن لیگ کی حکومت میں فائدے اُٹھائے اور اب دباؤ میں آکر لوٹا بن گیا، نئی روایت قائم کریں گے اور لوٹوں کو گھر چھوڑ کر آئیں گے۔