واشنگٹن (اے ایف پی) امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اپنی ٹیم کے سائنسدانوں کے نام جاری کردیے، یہ جوبائیڈن کی جانب سے کورونا کیخلاف ان کے ترجیحاتی منصوبوں کا عملی مظہر ہے۔ جوبائیڈن کی انتقال اقتدار کی ٹیم کے مطابق ایڈوائزری بورڈ کی قیادت تین افراد مشترکہ طور پر کریں گے جن میں ماہر وبائی امراض اور امریکی فیڈرل ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے سابق کمشنر ڈیوڈ کیسلر، سابق سرجن جنرل وویک مورتی اور یالے پبلک ہیلتھ پروفیسر مارسیلہ نیوز اسمتھ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بورڈ میں 10 افراد شامل ہوں گے جن میں امیونولوجسٹس (ماہرین قوت مدافعت) سے لیکر وبائی امراض کے ماہرین، بائیوڈیفنس کے ماہرین اور محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیدار شامل ہوں گے۔