پاکستان اور روس کی مشترکہ فوجی مشقیں دروزبہ تربیلا میں جاری ہیں، مشقوں میں دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز کے دستے شرکت کررہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق فوجی دستوں نے اسکائی ڈائیونگ سمیت مختلف مشقیں کیں، کھیلوں کی سرگرمیاں بھی مشقوں کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ دروزبہ فوجی مشقوں کی افتتاحی تقریب تربیلا کے مقام پر منعقد ہوئی، افتتاحی تقریب میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
پاکستان میں روسی سفیر ڈنئیلا گنیچ نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی، جبکہ دونوں ملکوں کی افواج کے اعلیٰ حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
دو ہفتوں تک جاری رہنے والی ان مشقوں میں پاکستان اور روس کی اسپیشل فورسز کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔
دروزبہ کے عنوان سے پہلی مشقیں 2016 اور تیسری 2018 میں پاکستان میں منعقد ہوئیں تھیں، جبکہ دوسری اور چوتھی مشقیں 2017 اور 2019 میں روس میں منعقد ہوئیں۔