• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا سابقہ حکمرانوں نے گلگت کے عوام سے کیے وعدے پورے کیے؟ مراد سعید کا سوال

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان (جی بی) کے عوام کو مبارک باد دیتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے 15 نومبر سے پہلے ہی شکست تسلیم کرلی ہے۔

اسکردو میں جلسہ عام سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کہہ رہی ہیں جی بی میں دھاندلی ہورہی ہے، ہمارے سیاسی مخالفین نے انتخاب سے قبل ہی شکست تسلیم کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے کے حکمرانوں نے یہاں کے عوام کو آئینی حقوق دینے کا وعدہ کیا تھا، پوچھتا ہوں کہ کیا انہوں نے وعدہ پورا کیا؟ کیا ان ڈاکوؤں نے جی بی میں مفت علاج کی سہولت دی؟


مراد سعید نے بلاول بھٹو زرداری کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ فرزند زرداری روزانہ پرچی لہراتا ہے، یہ خود بھی پرچی پر آیا ہے، یہ بڑی مشکل سے رٹا مار کر تقریر کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے پی پی چیئرمین کو بچہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں جی بی میں سڑکوں کے منصوبے کا اعلان نہیں کروں گا ورنہ بچہ پھر روئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی پی کے ادوران میں جی بی کو اکنامک زون، صنعتی مراکز نہیں ملے، عمران خان نے دے دیا،وزیراعظم نے آئینی حقوق دینے اور گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابوسر ٹاپ 12 مہینے کھلا رہے گا، لوگ سفر کرسکیں گے، اس حوالے سے فزیبلٹی پر کام شروع کردیا ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے لیے صحت انصاف کارڈ کی منظوری دے دی ہے، اس طرح پرائیوٹ اسپتال سے مفت علاج ممکن ہوسکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جی بی میں لگیں گے، حکومت ن لیگ کی تھی اس کے باوجود عمران خان نے گلگت بلتستان کو 46 ارب روپے کا فنڈ دیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ زرداری اور نواز شریف کا نعرہ ہے کھاتا ہے تو کیا ہوا کھلاتا بھی تو ہے، لیکن عمران خان کا نعرہ ہے کھاتا ہے نہ کھانے دیتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ اور پی پی ایک بار پھر گلگت بلتستان میں ڈاکا ڈالنا چاہتے ہیں، ہم یہاں سیاحت کو فروغ دیں گے، عوام کو نوکریاں فراہم کریں گے۔

تازہ ترین