وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پر مسلط جماعتوں نے صرف یہاں لوٹا ہے، 2 چور جماعتیں شور مچا رہی ہیں۔
گانچھے میں جلسہ عام سے خطاب میں مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کردیا ہے، آپ کو تمام آئینی حقوق ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ہر شخص کا علاج مفت ہوگا، تعلیم، پانی، سڑکیں یہ سب آپ کا بنیادی حق ہے۔
مراد سعید نے مزید کہا کہ سی پیک پر سب سے پہلا حق گلگت بلتستان والوں کا ہے، اس خطے کو شندور، چترال اور سوات موٹروے سے جوڑنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا سے سیاح یہاں آئیں گے تو خوشحالی آئے گی اور روزگار ملے گا۔
وفاقی وزیر نے ن لیگ اور پی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کا الزام لگا کر یہ اپنی شکست تسلیم کررہے ہیں، ان کے کرتوت ہی ان کی شکست کی وجہ بنیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک پرچی والا یہاں آیا ہے جو پرچی لہرا کر کہتاہے صوبہ بناؤں گا، یہ آج وہ منصوبے بتارہےہیں جو پہلے ہی منظور کرلئے ہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے، غذائی قلت کا شکار بچے سندھ میں ہی ہیں، کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنادیا ہے، یہ لوٹ مار ہی کی مثالیں دے سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ پیٹ کے درد کے علاج کے لیے بھی لندن جاتے ہیں، گلگت بلتستان کا پیسا انہیں معاف نہیں کریں گے، ان کے پیٹ سے بھی نکالیں گے۔