وفاق اور چاروں صوبے خواتین اور بچوں کی غذائیت کی کمی دور کرنے کے 350 ارب کے منصوبے پر متفق ہوگئے۔
اسلام آباد میں مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا، جس میں تمام وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں طے پایا کہ خواتین کی بہتر صحت اور بچوں کی اسٹنٹنگ گروتھ سے نمٹنے کے لیے پروگرام شروع کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق سی سی آئی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خواتین اور بچوں کی غذائیت کی کمی سے متعلق پروگرام 6 سال کے لیے ہوگا، جس پر 350 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔
اجلاس میں طے پایا کہ منصوبے کے لیے 175 ارب روپے وفاقی حکومت فراہم کرے گی جبکہ باقی 175 ارب روپے فنڈز صوبے فراہم کریں گے۔
اجلاس میں سی سی آئی کے گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ اور ملک میں توانائی کے امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی اہمیت پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے توانائی کے معاملات کو قومی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے اس پر صوبوں کے مابین اتفاق رائے کی ضرورت پر زورد یا ہے۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اجلاس اگلے سال جنوری میں ہوگا ،جس میں بجلی ، گیس ،فیول کی قیمتوں اور پانی کے مسائل پر غور ہوگا۔