• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کا گلگت بلتستان کے انتخابات میں کلین سوئپ کا دعویٰ


وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان (جی بی) انتخابات میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کلین سوئپ کرنے کا دعویٰ کردیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم نے معاشی ٹیم اور سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ سوات اور حافظ آباد کے جلسوں سے ثابت ہوچکا ہم پر عوام کا اعتماد قائم ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے انتخابات میں کلین سوئپ کرے گی۔


عمران خان نے معاشی ٹیم اور سیاسی کمیٹی کو حکومت کی معاشی کامیابیاں میڈیا پر اجاگر کرنے کی ہدایت کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ 2 سال کی محنت سے معیشت کو پاؤں پر کھڑا کیا ہے، تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہماری معاشی پالیسیوں کے ثمرات عوام کو منتقل ہونا شروع ہوں گے جبکہ اپوزیشن مہنگائی کے معاملے میں حکومت کے خلاف پراپیگنڈا کررہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاست بچانے کے لیے عوام کو گمراہ کررہی ہے، سابق حکمران جماعتوں کی غلط پالیسیوں کا نقصان آج بھی عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔

عمران خان نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو بتائے کہ گزشتہ حکومتوں نے ملکی معیشت کو کیسے نقصان پہنچایا۔

تازہ ترین