• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا نے پھر سر اٹھا لیا، مزار، تھیٹر، سینماگھر بند، تعلیمی اداروں میں سرما کی تعطیلات جلد کرنے کی تجویز، فیصلہ پیر کو ہوگا

تعلیمی اداروں میں سرما کی تعطیلات جلد کرنے کی تجویز، فیصلہ پیر کو ہوگا


اسلام آباد / کراچی ( جنگ نیوز / اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں کورونا وائرس نے پھر سر اُٹھالیا ہے اور 4ماہ بعد ملک میں ایک دن میں ریکارڈ 1708؍ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 21؍ افراد جاں بحق ہوگئے، مثبت کیسز کی شرح 5.3؍ فیصد رہی جبکہ فعال کورونا مریضوں کی تعداد 21ہزار 98ہوگئی ہے ۔ وائرس میں 3؍ گنا اضافے کے بعد نیشنل کمانڈ کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر کے مزارات ، تھیٹر ، سینما گھر بند کرنے اور تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات جلد کرنے کی تجویز دیدی ہے تاہم اس کا فیصلہ پیر 16نومبر کے اجلاس میں ہوگا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں 20؍ نومبر سے صرف500؍ افراد کی انتہائی حد کے ساتھ کھلی جگہ پر شادیوں کی اجازت ہائی رسک ایریاز میں کورونا پابندیاں مزید سخت کرنے کی سفارش مرتب کرلی گئی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ زندگیاں بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، سیاسی قیادت کی جانب سے ایس او پیز پر عمل کرنے کیلئے پیغام جانا چاہئے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کی دوسری لہر کے دوران پاکستان میں کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ روز بھی مثبت کیسز کی شرح 5؍ فیصد سے زائد رہی جب کہ تقریباً 4 ماہ بعد ملک میں ایک دن میں ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ روز 31ہزار 989ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 1708؍ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 21؍ افراد انتقال کر گئے۔گزشتہ 24؍ گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی مثبت آنے کی شرح 5.3؍ فیصد رہی۔ پاکستان میں 18؍ جولائی کو 1918؍ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے ۔سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7021ہو گئی ہے جبکہ مجموعی کیسز 3؍ لاکھ 48؍ ہزار 184؍ تک جا پہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ 24؍ گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 464؍ مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جب کہ کورونا کے 1100سے زیادہ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔سندھ میں گزشتہ 24؍ گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 14؍ مریض انتقال کرگئے اور 720؍ نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ گزشتہ 24؍ گھنٹوں میں کورونا کے 11146؍ نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 720نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔ سندھ میں ابتک کورونا کے 1760918ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں اور 152072؍ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کے روز 449مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور اس طرح صحتیاب افراد کی تعداد 141446 ہوگئی ہے ۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کووڈ 19 کی دوسری لہر کے خدشے کو مد نظر رکھتے ہوئے اور وائرس متاثرین کے اضافے کو روکنے کیلئے بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کی تجویز دے دی۔ این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی اسد عمر کی صدارت میں ہوا جس میں ملک اور خاص طور پر تعلیمی اداروں سے حاصل ہونے والے کووڈ 19 کے کیسز سے متعلق اعدادوشمار کا جائرہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ 12اکتوبر اور 3؍ نومبر کو این سی او سی کی جانب سے بڑے عوامی اجتماعات اور بیرونی سرگرمیوں پر پابندیوں کی تجویز دی تھی جس کے بعد سے اب تک وائرس کے متاثرین میں 3؍ گنا اضافہ دیکھا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے تمام فریقین کی جانب سے اتفاق رائے تاحال سامنے نہیں آسکا۔ اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں واضح شرح سے اضافہ سامنے آرہا ہے اور اس رجحان پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ این سی او سی اجلاس کے شرکا نے فیصلہ کیا کہ پیر 16؍ نومبر کو وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود، این سی او سی میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے اور وہ تمام صوبائی وزرا تعلیم کو تعلیمی اداروں میں کیسز کے بڑھتے ہوئے رجحان پر اعتماد میں لیں گے۔ اجلاس میں پیش کردہ تجاویر پر مشاورت کے بعد انہیں صوبوں سے شیئر کیا جائے گا تاکہ ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ 

تازہ ترین