لندن (سعید نیازی) برطانیہ میں گذشتہ روز بدھ کو کورونا کے سبب اموات 50ہزار کا ہندسہ بھی عبور کرگئیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ24گھنٹوں کے دوران مزید 595افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک میں مجموعی امواد کی تعداد50ہزار 365ہوگئیں۔ برطانیہ یورپ کا پہلا جبکہ دنیا بھر میں 50ہزار اموات کے حوالے سے 5ویں نمبر پر آگیا ہے۔ دیگر ممالک جہاں 50ہزار سے زائد افراد وائرس کے سبب ہلاک ہوئے ان میں امریکہ، برازیل، بھارت اور میکسیکو شامل ہیں۔ وزیراعظم بورس جانسن نے وبا کے حوالے سے ملک کیلئے ’’نازک لمحہ قرار دیا ہے۔ برطانیہ میں مجموعی طور پر 12لاکھ افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور ایک لاکھ 80 ہزار افراد کو ہسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ کورونا کے سبب ہلاک ہونے والے ہر دس میں سے 9 افراد کی عمر 65 برس سے زائد تھی، پسماندہ علاقوں میں رہنے والے افراد بھی وائرس سے زیادہ متاثر ہوئے۔ ناقدین اس قدر زیادہ اموات کا ذمہ دار حکومت کو ٹھہرا رہے ہیں کہ لاک ڈائون لگانے میں تاخیر سے کام لیا گیا۔ اس طرح کی تنقید فرانس اور اٹلی اور اسپین کی حکومتوں کو بھی سامنا ہے۔ جبکہ آئندہ چند ماہ تک اموات کا یہ سلسلہ جاری رہےن کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گذشتہ روز ویکسین کی تیاری پر خوشی کا اظہار کیا گیا تھا اور اب لوگ بے تاب ویکسین کے منتظر ہیں۔