• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کا نئے شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز  کا کہنا ہے کہ نئے شفاف انتخابات کروائے جائیں اور عوام کی نمائندہ حکومت آئے، وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی بڑا مسئلہ نہیں، میں انہیں سیاسی لوگ نہیں سمجھتی، تحریک انصاف سے کسی بھی قسم کا اتحاد انھیں معافی دینے کے مترادف ہو گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ مائنس عمران خان دیکھا جائے گا میں اس بارے میں مزید کچھ نہیں کہوں گی، اس حکومت کے ساتھ بات کرنا گناہ ہے۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان اور حکومت کو گھر جانا ہو گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ اب حکومت کے احتساب کا وقت ہے، ان کے ساتھ الحاق کا وقت نہیں، یہ ان کے ساتھ انتخابی اتحاد کا وقت نہیں، اب جب کہ وہ کمزور ہو گئے ہیں، جب جی بی کے عوام ن لیگ پر اعتماد کریں گےتو یہ صوبہ بھی ن لیگ بنائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈائیلاگ تو اب عوام کے ساتھ اتنا اچھا ہو رہا ہے کہ جعلی حکومت گھبرائی ہوئی ہے، یہ اتنا گھبرائے ہوئے ہیں کہ ان کو سمجھ نہیں آ رہی کہ کیسے ردعمل دینا ہے، یہ گھبراہٹ میں ایسی غلطیاں کر رہے ہیں کہ عقل حیران رہ جاتی ہے۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ اس ملک کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر عوام ہیں، مسلم لیگ نواز کی سیاست بند گلی کی جانب نہیں جا رہی، بند گلی میں وہ جا رہے ہیں جنہوں نے یہ مصنوعی چیز بنانے کی کوشش کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا ایک اپنا مؤقف ہے اور پاکستان مسلم لیگ ن کا اپنا مؤقف ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا عوامی مسئلہ یہ ہے کہ ان کا ووٹ چوری کیا گیا ہے، یہ خود چیزیں غائب کرتے ہیں پھر مہنگائی کر کے وہ واپس مارکیٹ میں لے آتے ہیں، حکومت والے نوٹس لیتے ہیں اور چیزیں مہنگی ہو جاتی ہیں، معاشی صورتحال ان نالا ئقوں کے ہاتھوں بہتر نہیں ہو سکتی، یہ حال ہوتا ہے جب آپ لوگوں کے ووٹ چوری کریں۔

تازہ ترین