پیرس (اے ایف پی /جنگ نیوز )کورونا سے ایک ہی روز میں 10 ہزار ریکارڈ ہلاکتیں ہوئی ہیں،24 گھنٹوں کے دوران ہونیوالی ان ہلاکتوں میں سب سے زیادہ اثر امریکا اور یورپ پر پڑا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق یورپ بھر میں 5 ہزار سے زائد ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔لاطینی امریکا میں 1868 جبکہ امریکا میں 1330 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے۔
ادھر بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر تیزی آنے لگی ہے اور ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں جگہ ختم ہوگئی۔
بھارت میں 40 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 394 افراد مہلک وائرس سے ہلاک ہوگئے ہیں۔
مجموعی طور پر 5 کروڑ 88لاکھ افراد کورونا کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ مجموعی ہلاکتیں 12 لاکھ 95 ہزار ہیں۔
دوسری جانب ایران میں ایک ماہ سے کم عرصے کے دوران دس ہزار اموات کے ساتھ کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 40 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
ایران کو کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے میں دشواری کا سامنا ہے۔
ایران کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ جمعرات کو 457 افراد کورونا وائرس کی وبا سے ہلاک ہوئے جبکہ ایک لاکھ 17 ہزار 517 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔اس طرح ایران میں مجموعی کیسز کی تعداد 7 لاکھ 26 ہزار ہو گئی ہے۔