• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی جے پی کارکن کو احد رضا میر کی تصویر شیئر کرنا مہنگا پڑگیا

بھارت کی برسرِ اقتدار پارٹی بے جے پی کے سرگرم کارکن وکرانت راجپوت نے ٹوئٹر پر پاکستانی اداکار احد رضا میر کی تصویر شیئر کر کے ان کے مداحوں سے اپنا مذاق بنوالیا۔

وکرانت نے ٹوئٹر پر احد رضا میر کی وردی میں ملبوس تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’نیلم ویلی میں بھارتی فوج کے بھرپور جواب کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان کیپٹن صابر خان مارا گیا ہے۔‘ تاہم ان کا یہ ٹوئٹ ہی ان کو مہنگا پڑگیا۔

وکرانت کے ٹوئٹ میں منسلک تصویر کسی پاک فوج کے جوان کی نہیں بلکہ پاکستانی اداکار احد رضا میر کی ہے، جو ان کے مشہور ڈرامے ’عہد وفا‘ سے لی گئی ہے۔

وکرانت نے تو یہ ٹوئٹ کردیا تاہم احد رضا میر کے مداح نے بی جے پی کارکن کی کلاس لے لی اور کچھ صارفین اُن کے ٹوئٹ پر مزاحیہ تبصرے بھی کررہے ہیں۔

پاکستانی صارفین وکرانت کو مشورہ دے رہے ہیں کہ آپ ٹوئٹ کرنے سے پہلے کم از کم سرچ انجن کا ہی استعمال کرلیں۔

طیب عباسی نامی صارف نے لکھا کہ ’آپ کے فوج ڈراموں اور فلموں میں ہی پاک فوج کے جوانوں کو مار سکتی ہے، اصل میں ایسا کرنا ان کے بس کی بات نہیں۔‘

ایک صارف نے مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے احد رضا میر کی فلم پرواز کے جنون کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ یہ پاک فوج سے نہیں بلکہ پاک فضائیہ سے تعلق رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑا میں حریت پسندوں سے جھڑپوں میں بھاری جانی نقصان پر بھارتی فوج بوکھلا گئی، کنٹرول لائن کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ اور گولا باری کی، جس سے چار پاکستانی شہری شہید اور 12 زخمی ہوگئے، پاک فوج کا ایک جوان شہید اور پانچ زخمی ہوئے، پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔

مقبوضہ کشمیر کے علاقے کپواڑہ میں 7 اور 8 نومبر کی درمیانی شب بھارتی فوج کا چند حریت پسندوں سے مبینہ مقابلہ ہوا، چار بھارتی فوجی مارے گئے۔

ہزیمت کی ماری بھارتی فوج نے 13نومبر کو ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کر دی، توپ خانہ بھی استعمال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کی وادی نیلم، وادی لیپہ، وادی جہلم اور وادی باغ کی شہری آبادیوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ سے 4 بے گناہ شہری شہید اور 12 زخمی ہوئے۔

تازہ ترین