• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے5 واں اور10واں دن کیوں اہم؟

ہر شخص میں کووڈ 19کی مختلف اور غیر متوقع علامات ظاہر ہوتی ہیں، ابتدائی دنوں میں عام فلو  جیسی علامات سے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا اندازہ لگانا مشکل ہو جاتا ہے۔

عالمی وباء کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے بیماری کی تشخیص کے بعد آئسولیشن کے 5 ویں تا 10ویں روز اہمیت کے حامل ہوتے ہیں کیونکہ اس دوران یہ وائرس اپنا اثر بھرپور انداز میں ظاہر کرتا ہے۔اس دوران ہی کورونا وائرس کی صھیح تشخیص ہو پاتی ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آتا ہے تووہ سب سے پہلے اس چیز کا حساب لگائے کہ اُسے کورونا وائرس کی علامات کب سے ہیں، بہت سارے لوگوں میں کورونا وائرس کی علامات دو سے تین دن میں ہی ظاہر ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔

کورونا وائرس کے جسم میں داخل ہونے کے دو سے تین دن بعدپہلے وائرل بخار ہوتا ہےجس کے بعد آہستہ آہستہ طبیعت میں مزید خرابی پیدا ہوتی ہے، اگر وائرل بخار پر ہی کورونا کا ٹیسٹ کروالیا جائے تو اس کا علاج ممکن ہے لیکن اگر یہ وائرس پھیپھڑوں تک پہنچ جائے تو اس سے نمٹنا کافی مشکل ہوجاتا ہے۔

کورونا وائرس کو پھیپھڑوں تک پہنچنے میں چھ سے سات دن لگتے ہیں، یہی وہ وقت ہوتا ہے جب انسان اصل میں کورونا وائرس سے جنگ لڑرہا ہوتا ہے۔

کورونا وائرس کے مریضوں میں پانچویں روز  کورونا وائرس کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوتا ہے جس میں مریج کا مدافعتی نظام حرکت میں آتا ہے۔

اس دوران اگرچہ مدافعتی نظام اس انفیکشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے متناسب اینٹی باڈیز تیار کرتا ہے ، بعض اوقات ، یہ تیز ہوجاتا ہے اور یہ طبیعت زیادہ خراب ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔یہی وہ وقت ہوتا ہے جب کورونا وائرس کا مریض اصل جنگ لڑتا ہے۔

ماہرین کے مطابق 5-10 دن وہ وقت ہوسکتے ہیں جب زیادہ تر لوگ علامات کی ’دوسری لہر‘ کا شکار ہوتے ہیں ، جو زیادہ شدید ہوسکتے ہیں۔ 

درحقیقت، ڈاکٹروں کا اب جو مشاہدہ ہے وہ یہ ہے کہ زیادہ تر لوگ کورونا وائرس کی شدید علامات اور نمونیا جیسی پیچیدگیوں کے ساتھ اسپتال داخل ہو رہے ہیں۔

اس لیے ڈاکٹروں نے خاص تاکید کی ہے کہ کورونا کے مریض ان دنوں میں بہت احتیاط کریں اور تھوڑی سی بھی طبیعت خراب ہونے کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔  

واضح ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب دوبارہ اضافہ ہو رہا ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس میں پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں پاکستان 28 ویں نمبر سے 27 ویں پر آگیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 36 ہزار 923 ٹیسٹ کیے گئے، جبکہ اب تک کُل 48 لاکھ 47 ہزار 105 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں، جبکہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 4 ماہ کی بلند ترین سطح 6 اعشاریہ 24 فیصد پر آ گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 304 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 37 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 714 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

تازہ ترین