• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ASI محمد بخش پوری پولیس فورس کی شان ہیں، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کہتے ہیں کہ اے ایس آئی محمد بخش پوری پولیس فورس کی شان ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں شبلی فراز نے کہا کہ ایس آئی محمد بخش اور ان کی بیٹی کو قوم کا سلام ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ محمد بخش قابل فخر والد ہیں جنہوں نے اپنی بیٹی کی قربانی سے بھی دریغ نہ کیا۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ محمد بخش کا طرزِ عمل معاشرے کیلئے روشن پیغام اور امید کی کرن ہے۔

خیال رہے کہ اے ایس آئی نے کشمور زیادتی واقعے کے ملزمان کو پکڑنے کیلئے بیٹی کی جان اور عزت خطرے میں ڈال کر فرض شناس کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

جیو نیوز سے گفتگو میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سندھ پولیس محمد بخش برڑو نے بتایا کہ میں نے اپنی بیوی اور بیٹی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا، ملزمان نے بچی کی والدہ سے دوسری خاتون کا بندوبست کرنے کا کہا تھا۔

اے ایس آئی کے مطابق ملزمان نے بچی اپنے پاس رکھ کر اس کی ماں کو دوسری خاتون کا بندوبست کرنے کیلئے چھوڑ دیا تھا۔

اے ایس آئی نے بتایا کہ انہوں نے متاثرہ خاتون کی مدد اور ملزمان کو پکڑنے کیلئے منصوبہ بنایا اور اپنی بیٹی کو متاثرہ خاتون کے ساتھ ملزم کے پاس بھیجا۔

محمد بخش کے مطابق میری بیٹی کشمور میں مقررہ ہوٹل پر پہنچی تو ملزم نہیں آیا، بعد میں رابطہ کرنے پر ملزم نے سٹی پارک آنے کا کہا جہاں ملزم نے بچی کی والدہ سے بات کرنے کے بعد میری بیٹی سے بات کی۔

اے ایس آئی کے مطابق ملزم ملک رفیق نے خود کو افسر ظاہر کرکے میری بیٹی کو بھی ملازمت کی پیشکش کی، اس دوران میری بیٹی اور بچی کی والدہ نے ملزم کو قابو کرنے کی کوشش کی اور پھر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔

اے ایس آئی کے مطابق گرفتار ملزم ملک رفیق کی نشاندہی پر بچی کو خالی مکان سے بازیاب کرایا گیا۔

تازہ ترین