کراچی میں سرکلر ریلوے کے انتظامات تاحال مکمل نہ ہوسکے جس کی وجہ سے پاکستان ریلویز نے اعلان کیا ہے کہ سرکلر ریلوے کا آغاز اب 16 نومبر کے بجائے 19نومبر سے ہوگا۔
پاکستان ریلوے ذرائع کے مطابق پپری سے اورنگی ٹاؤن تک 14 کلو میٹر کا ٹریک مکمل کلیئر نہیں ہوسکا جبکہ اسٹیشنز تاحال بنیادی سہولتوں سے محروم اور کھنڈر بنے ہوئے ہیں۔
ریلوے ذرائع نے بتایا کہ ٹکٹ بھی ٹرین کے اندر سے ٹکٹ چیکر سے ملے گا، اس کے علاوہ ٹریک کے راستوں میں پھاٹک بھی نہیں لگائےجارہے۔
اس سے قبل ڈویژنل سپریڈنٹ آفس ریلوے کراچی ارشد سلام خٹک نے 16 نومبر سے کراچی میں سرکلر ریلوے کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ یہ سروس صرف پِپری سے اورنگی ٹاؤن تک کے لیے ہوگئی۔
خیال رہے کہ 6 مارچ کو سپریم کورٹ نے محکمہ ریلوے کو 6 ماہ کے اندر پرانی سرکلر ریلوے بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔