سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے زیر التوا ریفرنسز کراچی منتقل کرنے پر سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرلیا ہے۔
آصف زرداری نے اپنے خلاف زیر التوا ریفرنسز کی کراچی منتقلی کے معاملے پر رجسٹرار آفس کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔
سابق صدر کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ رجسٹرار آفس کا 10 نومبر کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر درخواست سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔
آصف زرداری نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ رجسٹرار آفس کا فیصلہ آئین و قانون اور سپریم کورٹ کے اصولوں کے خلاف ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار کا آئینی حق ہے کہ سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائے۔
پی پی کے شریک چیئرمین نے یہ بھی موقف اپنایا کہ رجسٹرار آفس کا فیصلہ قانون کی نظر میں برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔
درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے خلاف تفتیش مکمل ہوچکی ہے اور ریفرنس بھی دائر ہوچکا۔
یاد رہے کہ رجسٹرار آفس نے آصف زرداری کے خلاف دائر پارک لین سمیت 4 ریفرنسز کی کراچی منتقلی کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی تھی۔