• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 5: محمد حفیظ کی ذمہ دارانہ بیٹنگ، قلندرز نے زلمی کو آؤٹ کردیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پہلے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

لاہور قلندرز کے محمد حفیظ نے اپنی ٹیم کے لیے 74 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اسے دوسرے ایلیمنیٹر تک پہنچا دیا جہاں اس کا مقابلہ ملتان سلطانز سے ہوگا۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو ان کے لیے بہتر ثابت ہوا۔

قلندرز کے شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں خطرناک حیدر علی کو بغیر کوئی رن بنائے چلتا کیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے پہلے امام الحق پھر فاف ڈوپلیسی نے بالترتیب 24 اور 31 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔

شعیب ملک 39 رنز بنا کر نمایا رہے جبکہ ہارڈس ویلیون نے آخری لمحات میں 37 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر زلمی کو 170 رنز کے قابلِ اعتماد ٹوٹل تک پہنچادیا۔

قلندرز کی جانب سے دلبر حسین نے 3 وکٹیں لیں جبکہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کا آغاز اچھا نہ تھا، جہاں اسے پہلے فخر زمان، پھر تمیم اقبال اور اس کے بعد کپتان سہیل اختر کی وکٹوں سے محروم ہونا پڑا۔

لاہور قلندرز کی ٹیم جب 33 رنز پر اپنی 3 اہم وکٹیں گنواچکی تھی تو اس کے بعد تجربہ کار محمد حفیظ نے ٹیم کی کمان سنبھالی۔

پہلے بینک ڈنک اور پھر سمت پٹیل کے ہمراہ بالترتیب 55 اور 42 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو بحران سے نکالا۔

محمد حفیظ کا ساتھ دینے کے لیے ڈیوڈ ویزے آئے اور دونوں نے ناقابلِ شکست 41 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر پشاور زلمی کو پی ایس ایل 5 سے باہر کرکے اپنی ٹیم کو ایونٹ کے ٹائٹل کے مزید قریب کردیا۔

قلندرز کے ڈیوڈ ویزے نے اننگز کے 19ویں اوور میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کو دو گیندوں پر 2 چھکے لگا کر میچ کا اختتام کیا۔ 

محمد حفیظ نے 9 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 74 رنز کی ناقابل اننگز کھیلی جس پر انھیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے نوجوان ثاقب محمود نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ راحت علی اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی کی شکست کے بات اب پی ایس ایل کو ایک نیا چیمپئن ملے گا۔

تازہ ترین