• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 5: کنگز نے سپر اوور میں سلطانز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کوالیفائر کے ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

نیشنل اسٹیدیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے اننگز کی آخری گیند پر چوکا لگا کر اسکور برابر کیا تو میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی جہاں اس کے بولرز نے حریف ٹیم کو کھل کر کھیلنے نہ دیا۔

ملتان سلطانز کے روی بوپارہ 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ذیشان اشرف 21 اور خوشدل شاہ نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔

شاہد آفریدی 12 اور ایڈم لائیتھ 9 رنز ہی بناسکے۔

سہیل تنویر نے اننگز کے اختتامی لمحات میں جارحانہ 25 رنز بنا کر ٹیم کو 141 کے ہندسے تک پہنچایا۔

کراچی کنگز کے وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں بابر اعظم کی شاندار اننگز کی بدولت ایک مقام پر میچ کراچی کنگز کی گرفت میں دکھائی دے رہا تھا، تاہم ملتان سلطانز کے تجربہ کار کھلاڑیوں کے آگے نئے ٹیلنٹ کی ایک نہ چل سکی۔

بابر اعظم کے 65 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد کراچی کنگز کا کوئی کھلاڑی سنبھل کر نہ کھیل سکا۔

تاہم کنگز کے کپتان عماد وسیم نے اختتامی لمحات میں 16 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ٹیم اسکور برابر کروادیا تھا۔

کراچی کنگز کے بابر اعظم کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔


تازہ ترین