لاہور ( آن لائن ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدریپرویزالٰہی نے کہا ہے کہ الحمدللہ چوہدری شجاعت حسین تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں، مستند ڈاکٹروں کی ٹیم بہت اچھے طریقے سے ان کی دیکھ بھال میں مصروف ہے، انشاء ﷲ وہ جلد گھر واپس آ جائیں گے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی سے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ( ر ) اعجاز شاہ، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اوراسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر وارث بیگ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور جی ایم سکندر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریگیڈیئر ( ر ) اعجاز شاہ، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور عبدالقدوس بزنجو نے چوہدری شجاعت کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور نفیس شخصیت کے مالک ہیں، وہ پاکستان کا اثاثہ ہیں اور اس وقت ملکی سیاست میں ان کی بصیرت کی اشد ضرورت ہے، مشکل وقت میں ان کی دانشمندی سے بہت آسان حل نکل آتے ہیں۔