لوئردیر(نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی والدہ انتقال کرگئیں۔ مرحومہ کافی دنوں سے بیمار تھیں‘گزشتہ روز حالت خراب ہونے کی وجہ سے ثمرباغ ہسپتال لائی گئیں تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔مرحومہ کا جنازہ آج ثمرباغ میں اداکیا جائے گا۔ امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق کی والدہ محترمہ کے انتقال پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور اہل خانہ کے لیے یہ بہت بڑا سانحہ ہے، ماں کا کوئی بدل نہیں۔ اللہ رب العزت مرحومہ کی کامل مغفرت فرمائے اور تمام متعلقین کو صبر جمیل سے نوازے۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امرا برجیس احمد، ڈاکٹر اسامہ رضی، ڈاکٹر واسع شاکر، مسلم پرویز، راجا عارف سلطان،سیکرٹری کراچی عبدالوہاب، ڈپٹی سیکرٹریز راشد قریشی، عبد الواحد شیخ،انجینئر عبدالعزیز،یونس بارائی،عبد الرزاق خان،عبد الرحمٰن فدا، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر نے بھی سینیٹر سراج الحق کی والدہ کے انتقال پر دلی تعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔