• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک لبیک پاکستان کا فیض آباد پر دھرنا جاری


مذہبی و سیاسی جماعت تحریک لبیک پاکستان کے سینکڑوں کارکنان کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی کے سنگم میں واقع فیض آباد چوک پر دھرنا جاری ہے۔

تحریک لبیک پاکستان کے ناموسِ رسالت دھرنے کے باعث جڑواں شہروں میں میٹرو بس اور موبائل فون سروس تاحال بند ہے جبکہ فیض آباد صورتحال کے بعد راولپنڈی اندرون شہر کنٹینرز اور رکاوٹیں بدستور موجود ہیں۔

دھرنے کے باعث ائیرپورٹ اور ریلوے اسٹیشن جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سرکاری ملازمین اور خواتین دفاتر پہنچنے میں ٹرانسپورٹ کے منتظر ہیں۔

جڑواں شہروں کی پبلک وین سروس بھی رکاٹوں کے باعث بند ہے جبکہ پولیس نے فیض آباد پُل کو چاروں اطراف کنٹینرز رکھ کر بند کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی میں فرانسیسی گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف تحریک لبیک پاکستان کی احتجاجی ریلیگزشتہ روز فیض آباد پہنچی تھی، شہر میں تحریک لبیک کارکنوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے مابین جھڑپیں رات گئے تک جاری رہیں۔

اس دوران سکیورٹی اداروں نے تحریک لبیک کے 200سےزائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا جبکہ12 پولیس اہلکار مظاہرین کے پتھراؤ سے زخمی ہوگئے۔

تازہ ترین