• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منال خان اور احسن محسن کی نئی تصویر منظر عام پر

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل منال خان اور نئے اُبھرتےہوئے اداکار احسن محسن اکرام کی نئی تصویر منظر عام پر آگئی ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ہر گُزرتے دن کے ساتھ اپنی نت نئی تصویریں پوسٹ کرکے مداحوں کی تعریفیں سمیٹنے والی خوبرو اور باصلاحیت اداکارہ منا ل خان نے دو روز قبل ایک میوزیکل نائٹ میں شرکت کی تھی۔

منال خان کے ہمراہ اُس میوزیکل نائٹ میں اداکارہ صبور علی اور کنزہ ہاشمی سمیت دیگر فنکاروں نے بھی شرکت کی تھی جس کی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔

سوشل میڈیا پر زیرِ گردش کرتی تصویروں میں سے ایک تصویر منال خان اور اُن کے قریبی دوست و اداکار احسن محسن اکرام کی بھی ہے۔

وائرل تصویر میں احسن محسن سیاہ لباس میں ملبوس ہیں جبکہ منال خان نے سفید لباس زیب تن کیا ہوا ہے، تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ منال خان اپنے دوست کے ساتھ بےحد خوش نظر آرہی ہیں۔

منال خان اور احسن محسن کی اس تصویر کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب مقبولیت حاصل ہو رہی ہے جبکہ صارفین شوبز انڈسٹری کی اس نئی بننے والی جوڑی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب منال خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر میوزیکل نائٹ کی صرف ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں اُن کے ہمراہ کنزہ ہاشمی اور صبور علی ہیں۔


خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اداکار احسن محسن اکرام نے منال خان کی تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے اُن سے اظہار محبت کیا تھا۔

احسن محسن کے اظہارِ محبت کا جواب دیتے ہوئے منال خان نے کچھ لکھے بغیر دل والا ایموجی بنایا تھا۔

واضح رہے کہ منال خان اور احسن محسن اکرام نے ڈرامہ سیریل ’پرچھائیں‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، یہ ڈرامہ سال 2017 میں ایک نجی ٹی وی چینل سے نشر کیا گیا تھا۔

احسن محسن اکرام سے قبل منال خان کے منظور خان نامی شخص سے قریبی تعلقات تھے لیکن رواں سال ہی دونوں کی دوستی ختم ہوگئی تھی جس کے بعد منظور خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے منال خان کی تمام تصویریں ڈیلیٹ کردی تھیں۔

تازہ ترین