• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں ہونے والے انتخابات میں 6 نشستوں پر سرِاقتدار جماعت پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی پر جی بی کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ پر زیادہ متحرک رہنےوالے وزیراعظم عمران خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر دورۂ گلگت بلتستان کے دوران لی گئی اپنی تصویر شیئر کی ہے۔


عمران خان کی مذکورہ تصویر اُن کے حالیہ گلگت بلتستان کے دورے کی ہے، تصویر میں اُنہوں نے سفید قمیص شلوار کے ساتھ نیلے رنگ کا کوٹ زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ سر پر گلگت بلتستان کی ثقافتی ٹوپی بھی پہنی ہوئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے تصویر شیئر کرتے ہوئے جی بی کے عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’شکریہ گلگت بلتستان۔‘

صرف تین گھنٹوں میں عمران خان کی پوسٹ پر 33 ہزار سے زائد لائکس آچکے ہیں۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں گزشتہ روز ہونے والے انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی تا حال جاری ہے، 23 نشستوں پر انتخابات ہوئے جن میں سے 19نشستوں کے مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آگئے ہیں۔ 7 نشستوں پر آزاد امیدوار، 6 پر پاکستان تحریک انصاف، 4 پر پیپلز پارٹی، ایک نشست پر مجلس وحدت المسلمین ( ایم ڈبلیوایم) نے جبکہ ایک نشست پر مسلم لیگ ن نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

گلگت بلتستان انتخابات میں 4 حلقوں کے مکمل نتائج آنا باقی ہیں، 2 حلقوں میں پی ٹی آئی، 1 میں مسلم لیگ ن اور ایک میں پی پی پی کے امیدوار آگے ہیں۔

تحریک انصاف کے راجہ ذکریا نے پیپلز پارٹی کے سابق وزیر اعلیٰ مہدی شاہ کو ہرا دیا جبکہگانچھے سے پیپلز پارٹی کے محمد اسماعیل کامیاب ہوگئے۔

تازہ ترین