وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب کھچی نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں جلد ہی 15فیصد اضافہ کیا جانےکا انکشاف کردیا۔
لاہور میں جیو نیوز سے گفتگو میں جہانزیب کھچی نے انکشاف کیا کہ حکومت نے چین کو ہر سال ساڑھے 6 ارب روپے کا قرض واپس کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین پر صرف 60 سے70ہزار مسافر سفر کر رہے ہیں، مسافروں کی تعداد یہی رہی تو ساڑھے 9 ارب کی سالانہ سبسڈی بڑھ جائے گی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ میٹرو بس کی سبسڈی کم کرنے کا پلان نہیں بناسکتے کیونکہ ملتان میٹرو 90 فیصد اور راولپنڈی میٹرو 60 فیصد سبسڈی پر چل رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اورنج لائن اور میٹرو بسوں میں سیکیورٹی کے لیے 900 افراد کو بھرتی کریں گے۔
جہانزیب کھچی نے یہ بھی کہا کہ ٹرانسپورٹروں نے کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو آخری حد تک جاسکتے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ 8 لاکھ کمرشل گاڑیوں میں سے صرف 2 لاکھ 50 ہزار رجسٹرڈ ہیں۔