وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے دور حکومت میں مہنگائی کا اعتراف کیا ہے اور ساتھ ہی اسے سابقہ حکومت کا تحفہ قرار دے دیا۔
اپنے حلقہ انتخاب ملتان میں کارکنوں سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نےکہا کہ اعتراف کرتے ہیں مہنگائی بہت زیادہ ہے لیکن یہ سابقہ حکومت کا تحفہ ہے۔
گلگت بلتستان(جی بی) کے حالیہ انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جی بی الیکشن کے ذریعے ہم نے شفاف انتخابات کی بنیاد رکھ دی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں پولنگ کے روز شدید برفباری کے باوجود ٹرن آؤٹ ٹھیک رہا اور امن و امان بھی مثالی تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جی بی کے عوام نے ووٹ کے ذریعے اپوزیشن جماعت ن لیگ کے بیانیے کو مسترد کردیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی عوامی مقبولیت کی قلعی کھل گئی ہے۔
انہوں نے اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو غیر فطری قرار دیا اور اس کےجلد یا بدیر ختم ہوجانے کی پیشگوئی کی۔
وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ اس کے رہنماؤں کے بیانیے اور نظریات ایک دوسرے سے مختلف ہیں، ایسی چیز جلد یا بدیر ختم ہوجاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم غیرملکی ایجنڈے پر عمل پیرا اور افراتفری و انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔