• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قبل ازانتخاب دھاندلی ڈھائی سال سے چل رہی تھی، شاہد خاقان

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر وسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گلگت بلتستان انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں مداخلت کا عمل اور قبل از انتخابات دھاندلی ڈھائی سال پہلے ہی شروع ہو گئی تھی،جو چیزیں 2018 الیکشن میں ہوئیں وہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی بھرپور طریقے سے نظر آئیں، وفاقی وسائل استعمال ہوئے، ووٹ خریدنے کی مصدقہ اطلاعات ملی ہیں،گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی امانت یعنی ووٹ میں خیانت ہوئی جو پاکستان کے لیے خوش آئند بات نہیں، انتخابات میں مداخلت کا عمل اس وقت سئ شروع ہو گیا جب وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان حکومت کے انتخابات کے اختیارات واپس لے کر انہیں خود فیصلے کرنے سے روک دیا تھا، ترقیاتی کام، فنڈز کا اجرا روک دیا اور انتخابات سے 4 ماہ قبل ہی تمام کاموں پر پابندی عائد کردی اس کے بعد ایک عبوری نظام تشکیل دیا گیا جس میں مشاورت شامل نہیں تھی اور جو وزرا اور مشیر اس کا حصہ بنے وہ روز اول سے ہی انتخابات پر اثر انداز ہوتے رہے اور آخری دن تک مہم میں حصہ لینے کے ساتھ امیداواروں کی مدد یا مخالفت کرتے رہے،ن لیگ کے 6 وزرا اور سپیکر کو توڑا گیا اور انہیں دوسری جماعت کے ٹکٹ دیے گئے جہاں سے انہوں نے الیکشن لڑا، ہمارے امیدواروں کو ہرانے کے لیے بڑے سائنٹیفک طریقے سے امیدوار کھڑے کیے جو چند سو ووٹ لے کر انہیں ہرانے کے لیے استعمال ہوئے۔

تازہ ترین