• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج جیت کراچی کنگز کی ہوگی، وسیم اکرم

پاکستان سُپر لیگ میں کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ وہ آج فائنل میں کراچی کنگز کی جیت کے لیے پُراُمید ہیں۔

پاکستان سُپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل آج نیشنل اسٹیڈیم میں دو بڑی ٹیموں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا اور پی ایس ایل کے اس آخری معرکہ کے لیے کھلاڑیوں سمیت شائقین کرکٹ بےحد پُرجوش ہیں کیونکہ دونوں ٹیمیں پہلی بار پاکستان سُپر لیگ کے فائنل میں پہنچیں ہیں۔

جہاں شائقین کرکٹ سوشل میڈیا پر جاری پیغامات کے ذریعے اپنی پسندیدہ ٹیم کی جیت کا عزم بُلند کر رہے ہیں تو وہیں کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ وسیم اکرم نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹیم کے لیے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’لڑکے آج کے معرکہ کے لیے بھرپور طریقے سے تیار ہیں۔‘

وسیم اکرم نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ ’مجھے پہلی مرتبہ ایسی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے جو صرف ٹرافی حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ شائقین کرکٹ کے لیے کھیل رہی ہے۔‘

کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ’میں اُمید کرتا ہوں کہ آج کا فائنل ہم جیت جائیں گے لیکن اس سے زیادہ میری دُعا یہ ہے کہ جب ہم میدان میں اُتریں تو ناقابلِ یقین کرکٹ کھیلیں۔‘

دوسری جانب وسیم اکرم کی اہلیہ نے پی ایس ایل فائنل سے پہلے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی پروفائل پیکچر تبدیل کرکے کراچی کنگز کے لوگو کی تصویر لگا دی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں کرکٹ کی بڑی جنگ ہوگی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز پی ایس ایل فائیو کی ٹرافی کے حصول کے لئے بڑے ناموں کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔

دونوں ٹیمیں پہلی بار پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں پہنچنے کے بعد اب بس آخری معرکہ بھی سر کرنے کے لئے بالکل تیار ہیں۔ میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔

فاتح ٹیم چمچماتی ٹرافی سمیت پانچ لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم جیتے گی جبکہ رنر اپ کو دو لاکھ امریکی ڈالر انعام ملے گا۔

تازہ ترین