• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان سے محبت ہے اور مرزاپور میرا پسندیدہ سیزن ہے، بلال عباس

بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’شیخ‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار بلال عباس خان کا کہنا ہے کہ اُنہیں بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان سے بے حد محبت ہے اور آج کل اُن کا پسندیدہ سیزن ’مرزاپور‘ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ویب سیریز ’اک جھوٹی لو اسٹوری‘ کے اداکار بلال عباس خان نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’میرے لیے ایک ایسے اداکار یا فلم کا انتخاب کرنا بہت مشکل ہے جو مجھے سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے لیکن ایک فنکار کی حیثیت سے میں یہ کہوں گا کہ متعدد بھارتی اداکاروں کی پرفارمنس مجھے متاثر کرتی ہے۔‘

بلال عباس نے بتایا کہ آج کل میں ایک ویب سیریز ’مرزاپور‘ کا نیا سیزن دیکھ رہا ہوں اور اُس سے مجھے محبت ہوگئی ہے کیونکہ اُس کی کہانی اور اُس میں اداکاروں کی شاندار اداکاری نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں مرزا پور پوری ریلیز ہونے کا انتظا ر کررہا ہوں اور جیسے ہی اس کے سارے سیزنز ریلیز ہوں گے میں یہ ویب سیریز پوری ایک ساتھ دیکھوں گا۔

دوران انٹرویو میزبان نے بلال عباس سے سوال کیا کہ اُن کا پسندیدہ اداکار کون ہے؟ جس کا انہوں نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ’ظاہر ہے شاہ رخ خان، یہ بھی کوئی پوچھنے والی بات ہے، مجھے شاہ رخ خان سے محبت ہے۔‘

اداکار نے مزید کہا کہ میں نے شاہ رخ خان کی تقریباً ساری فلمیں ایک بار نہیں بلکہ کئی مرتبہ دیکھی ہیں اور اُن سب میں میری پسندیدہ فلم ’چک دے انڈیا‘ ہے۔

بلال عباس نے بتایا کہ جلدہی اُن کی ایک اور ویب سیریز بھی ریلیز ہونے جارہی ہے جس کا نام ’عبداللّٰہ پور کا دیوداس‘ ہے۔ اس ویب سیریز میں انہوں نے دیوداس کا کردار ادا کیا ہے اور اس ویب سیریز کی کہانی جس گاؤں پر مبنی ہے اُس کا نام عبداللّٰہ پور ہے۔

میزبان نے اُس سے سوال کیا کہ کیونکہ آپ اس ویب سیریز میں دیوداس کا کردار کررہے ہیں تو کیا آپ نے اس کے لیے شاہ رخ خان کی فلم ’دیوداس‘ دیکھی تھی؟ اداکار نے جواب دیا کہ میں نے دیوداس دیکھی تھی لیکن میرا کردار اُس سے الگ ہے۔

نئی ویب سیریز ’عبداللّٰہ پور کا دیوداس‘ ایک رومانوی ڈرامہ ہے جسے شاہد ڈوگر نے تحریر کیا ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری انجم شہزاد نے کی ہے۔ اس ویب سیریز میں بلال عباس کے مد مقابل انوشے عباسی اور سارہ خان کردار ادا کریں گی۔ 

تازہ ترین