• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھوٹی اسکرین کا بڑا چائلڈ اسٹار ’شیث سجاد‘ اب فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔

معروف اداکار ہمایوں سعید کے کامیاب ڈرامے ’میرے پاس تم‘ سے غیر معمولی شہرت حاصل کرنے والے چائلڈ اسٹار شیث ڈراموں اور ٹی وی کمرشلز میں دھوم مچانے کے بعد اب وہ فلم میں بھی کام کررہے ہیں۔

پاکستانی نژاد برطانوی فلم ساز گلوکار اور فلم ڈائریکٹر یاسر اختر نے چائلڈ اسٹار شیث سجاد کو اپنی نئی فلم ’رنگ دو رنگی‘ میں کاسٹ کرلیا ہے۔ اس فلم کی شوٹنگ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں تیزی سے جاری ہے۔

فلم کی کہانی معروف مزاحیہ اداکار اور کہانی نویس ثاقب سمیر نے لکھی ہے جو اس سے قبل سپر ہٹ فلم ’مہرالنسا وی لب یو‘ لکھ چکے ہیں فلم میں چائلڈ اسٹار شیث سجاد ایک دلچسپ اور شرارتی بچے عمر کے روپ میں نظر آئیں گے۔

ہدات کار یاسر اختر کی فلم رنگ دو رنگی کی کاسٹ میں مقبول ڈراما سیریل شاہ رخ کی سالیاں سے شہرت حاصل کرنے والی خوبصورت اداکارہ نمرہ شاہد، پلوشہ، عرفان موتی والا ، فیضان شیخ، حمیدہ بانو، یاسر اختر اور دیگر فنکار شامل ہیں۔

فلم کی کہانی ہنستی مسکراتی فیملی کی ہے۔ اس فلم کی ہیروئن نمرہ شاہد نے عائشہ نامی باتونی لڑکی کا کردار نبھایا ہے۔ عائشہ بہت بولڈ اور سچی ہے، جو اس کے دل میں آتا ہے سب بول دیتی ہے۔ عائشہ کی امی جو لاڑکانہ سے کراچی ڈیفنس میں رہائش اختیار کر لیتی ہے اور عاشہ کی شادی اپنے بھائی کے بیٹے سے زبردستی کروانا چاہتی ہے۔

عائشہ یہ سب برداشت نہیں کرتی اور اپنی سہیلی سعدیہ کے ساتھ گھر سے فرار ہوجاتی ہے، اس طرح کہانی اور دلچسپ موڑ اختیار کر لیتی ہے۔ عائشہ اس کے بعد یاسر اختر کے عشق میں گرفتار ہوجاتی ہے۔ 

رنگ دو رنگی کے ڈائریکٹر یاسر اختر کا کہنا ہے کہ فلم کا ایک ایک کردار ہنسا ہنسا کر لوٹ پوٹ کردے گا۔ ہم اس فلم کو سنیما گھروں کی زینت بنائیں گے۔اُمید ہے جب فلم مکمل ہوگی سنیما کے تالے کھل جائیں گے ہم نے شیث سجاد کو فلم میں متعارف کروایا ہے۔

اُمید ہے سب اس چائلڈ اسٹار کی اداکاری کو پسند کریں گے، ہم نے جہاں جہاں شوٹنگ کی بے شمار لوگ شیث سجاد کے ساتھ سیلفیاں بنانے پہنچ جاتے تھے۔یہ بچہ مستقبل کا سپر اسٹار ثابت ہوگالیکن وہ حال کا بھی سپر اسٹار ہے۔

تازہ ترین