اسلام آباد(پی پی آئی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنمائوں نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی مذمت کی ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز سے گفتگو میں کہا کہ دھاندلی کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کا حکومتی اتحاد سے زیادہ ووٹ لینا پاکستان تحریک انصاف کی عدم مقبولیت کا ثبوت ہے۔مریم نواز نے بلاول بھٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپوزیشن کے بیانئے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دوران گفتگو دونوں رہنمائوں نے جلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔