کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی خواتین کبڈی ٹیم تہران سے لاہور پہنچی تو کانسی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کے استقبال کے لئے ایئر پورٹ پر کوئی حکومتی نمائندہ اور اسپورٹس بورڈ کا افسر موجود نہیں تھا۔ پاکستان ویمن کبڈی انڈر 19 ٹیم ایشیا کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے بعد ایران سے وطن واپس پہنچ گئی۔ قومی ویمن انڈر 19 کی 14 رکنی ٹیم نجی ائیرلائن کی پرواز ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچی۔ جہاں کھلاڑیوں کے اہل خانہ نے ان کا استقبال کیا۔ ٹیم منیجر رمضان گھمن نے حکومت سے تعاون نہ کرنے کا شکوہ کیا۔ ٹیم کپتان حزیمہ سعید کا کہنا تھا وہ اپنی پرفارمنس سے مطمئن ہیں۔ کھلاڑیوں نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔ حکومت دیگر کھیلوں پر توجہ دیتی ہے لیکن خواتین کبڈی کو اہمیت نہیں دے رہی۔ انڈر 19 ٹیم کو لینے کے لئے حکام کی جانب سے کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا۔ تمام کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت گھروں کی جانب روانہ ہوئے۔ کبڈی ٹیم نے ایران میں ہونے والے ایشیا کپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔