• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ترقی پسند پارٹی کے وائس چیئرمین الطاف جسکانی قتل

حیدر آباد/ٹنڈوالہ یار/ ڈگری (بیورو رپورٹ ، نامہ نگاران،ایجنسیاں) ٹنڈو الہ یار میں سندھ ترقی پسند پارٹی(ایس ٹی پی ) کے وائس چیئر مین الطاف جسکانی کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کردیا۔

 انہیں شدید زخمی حالت میں سول اسپتال حیدرآباد لایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے ‘پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے الطاف جسکانی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سندھ بھر میں دس روزہ سوگ اور آج ہڑتال کا اعلان کیا ہے‘مقتول کی نمازجنازہ آج اداکی جائے گی۔ 

تفصیلات کے مطابق الطاف حسین جسکانی اپنی گاڑی میں کہیں جارہے تھے کہ کیریاشاخ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم مسلح افراد نے ان کی کارپر فائرنگ کی جس سے کار گہری کھائی میں جاگری ‘الطاف جسکانی کو فوری طور پر سول اسپتال ٹنڈوالہ یار لایا گیا جہاں سے ان کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سول اسپتال حیدرآباد میں دم توڑ گئے۔

واقعے کی خبر سن کر نامعلوم مسلح افراد نے شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کرکےتمام چھوٹی بڑی دوکانیں بند کرادیں۔

رابطہ کرنے پر ایس ایس پی ٹنڈوالہ یارنے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع پر ایس ٹی پی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی سمیت بڑی تعداد میں کارکن بھی سول اسپتال پہنچ گئے۔

کارکنوں کی جانب سے وائس چیئرمین کی ہلاکت پر نعرے بازی کے باعث پولیس کی بھاری نفری طلب کرکے سیکورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق الطاف جسکانی کو سر اورجسم میں 3گولیاں لگی ہیں۔

ڈگری سے نامہ نگارکے مطابق الطاف جسکانی کے قتل کی اطلاع پر ڈگری میں بھی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مشتعل افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ سےشہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ڈگری شہر بند کرادیا گیا۔

تازہ ترین