واشنگٹن /نئی دہلی (اے ایف پی /جنگ نیوز)بھارت میں کورونا کیسز ایک کروڑ کے قریب پہنچ گئے جبکہ بدھ کے روز بھی مزید 6سو بھارتی شہریوں کو مہلک وائرس نے نگل لیا،بھارت میں کورونا وائرس کے 38ہزار 617کیسز سامنے آگئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 89 لاکھ تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب امریکا سمیت دنیا بھر میں کورونا کے وار جاری ہیں ،آسٹریلیا کے جنوبی حصے میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 6 روزہ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے،ادھر نیویارک کے میئر نے سٹی پبلک اسکول کو بند کرنے کا اعلان کیا، یہ اقدام بڑھتے کورونا کیسز کے بعد کیا گیا ہے ۔یونان میں سیکڑوں شہریوں نے تمام اجتماعات پر حکومتی پابندی کے خلاف احتجاج کیا۔یوکرائن میں نیشنل لیگ میچزوائرس کے باعث منسوخ کردیے گئے ، اسپین کی حکومت نے جانسن اینڈ جانسن کو کووڈ-19 ویکسین کی آخری ٹرائل کی اجازت دے دی جس کا ٹیسٹ دیگر 8 ممالک بھی ہوگا۔نیشنل میڈیسن ایجنسی نے بیان میں کہا کہ تیسرے مرحلے کا ٹرائل اسپین بھر میں 9 مختلف ہسپتالوں میں ہوگا جس کے لیے رضاکار موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دو خوراک پر مشتمل ٹرائل 30 ہزار رضا کاروں پر ہوگا جو بیلجیم، کولمبیا، فرانس، جرمنی، جنوبی افریقہ، اسپین، برطانیہ، امریکا اور فلپائن میں موجود ہیں۔امریکی حکام نے کورونا وائرس ویکسین کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ جانسن اینڈ جانسن کی تیار کردہ ویکیسن کو مقامی ضرورت پوری ہونے کے بعد تجارتی بنیاد پر دیگر ممالک کو بھی فراہم کی جائے گی۔اقوامِ متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگری کلچر ایجنسی کے چیف اکنامسٹ میکزمو ٹوریرو کُلین کا کہنا ہے کہ اشیا خورو نوش کی تجارت سے کورونا وائرس کے پھیلاو سے متعلق کوئی اہم ثبوت نہیں ملے ہیں لہذا ایسی رپورٹس کو ʼکم سے کم کرنے کی ضرورت ہے۔