کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان واپڈا نے پنالٹی شوٹ آئوٹ پر نیشنل بینک کو شکست دیکر قومی ہاکی چیمپئن شپ جیت لی۔ ونر ٹیم کو 3 لاکھ، رنر اپ کو 2 لاکھ جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی سوئی سدرن کو 1 لاکھ روپے کیش انعام دیا۔ بیسٹ ٹورنامنٹ پلیئر پاکستان واپڈا کے رانا عبدالوحید کو 50 ہزار کیش پرائز سے نوازا گیا ۔ فائنل کے مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل و ایم این اے عامر کیانی تھے۔ ان کے ساتھ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر( ر) خالد سجاد کھوکھر، سیکریٹری جنرل آصف باجوہ بھی موجود تھے۔ فائنل میچ مقررہ وقت کے اختتام تک ایک ایک گول سے برابر رہا واپڈا کی جانب سے علیم بلال نے اسکور کیا جبکہ نیشنل بینک کی جانب سے دلبر نے گول بنایا۔ بعد ازاں پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 0-2 سے پاکستان واپڈا نے فتح حاصل کی، قبل ازیں تیسری پوزیشن کے میچ میں سوئی سدرن نے پاکستان نیوی کو 4-1 سے شکست دی۔